سیاسی قوتوں میں بالغ نظری سے قومی ادارے مضبوط ہوئے، چودھری پرویز الہیٰ

Last Updated On 09 January,2020 06:01 pm

گجرات: (دنیا نیوز) سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الہیٰ کا کہنا ہے کہ سیاسی قوتوں میں بالغ نظری سے قومی ادارے مضبوط ہوئے۔ حکومت پانچ سال پورے کرے گی، عثمان بزدار اچھا کام کر رہے ہیں، ان سے کوئی اختلاف نہیں ہے۔

یونیورسٹی آف گجرات کے دورے اور وہاں نئے اکیڈمک بلاک کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ ایران اور امریکا کشیدگی میں حکومت نے حصہ نہ بننے کا اچھا فیصلہ کیا ہے۔ اپوزیشن، حکومت، پاک فوج اور تمام سیاستدان امن کیلئے سفارتی سطح پر ایک پیج پر ہیں۔

چودھری پرویز الہیٰ نے کہا کہ موجود اسمبلیاں پانچ سال کی مدت پوری کریں گی، اس میں کوئی ابہام نہیں ہے۔ ہمارے عثمان بزدار اور پنجاب حکومت کے ساتھ اچھے تعلقات ہیں۔ حکمران مہنگائی ختم کرنے کیلئے اقدامات کر رہے ہیں۔