لاہور: (دنیا نیوز) صوبائی حکومت کی جانب سے پنجاب اسمبلی میں پتنگ بازی کے حوالے سے تفصیلات پیش کر دی گئی ہیں جس میں اس کی روک تھام پر ناکامی کا اعتراف کر لیا گیا ہے۔
محکمہ داخلہ پنجاب نے اعتراف کیا ہے کہ پولیس پتنگ بازی کے معاملے میں مقدمات کے اندراج سے آگے نہیں بڑھ سکی۔ رواں سال کے دوران شہر کے مختلف تھانوں میں پتنگ بازی کے 1349 مقدمات رجسٹر کیے گئے۔
پنجاب اسمبلی میں جمع کرائی گئی تفصیلات میں کہا گیا ہے کہ ماڈل ٹاؤن ڈویژن میں 800 جبکہ سٹی ڈویژن میں 549 مقدمات درج ہوئے تاہم سول لائن ڈویژن نے مقدمات کی تفصیل پیش نہیں کی۔
محکمہ داخلہ کے مطابق پتنگ بازی کی روک تھام کے لیے تمام وسائل کو بروئے کار لایا جا رہا ہے۔ مساجد، کیبل اور ٹی وی پر انسداد پتنگ بازی کے اشتہارات بھی دئیے گئے لیکن اس سلسلے میں چلائی گئی آگاہی مہم بھی کام نہیں آئی۔