سیالکوٹ: (دنیا نیوز) تھانہ اگوکی کے علاقے میں 6 ڈاکوئوں اور پولیس کی مڈبھیڑ، ڈاکوئوں نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کر دی۔ چار ڈاکو اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک اور دو ڈاکو فرار ہو گئے، گذشتہ روز چھ ڈاکوئوں نے پولیس حراست سے تین ڈاکوئوں کو چھڑوایا تھا۔
سیالکوٹ تھانہ اگوکی کے علاقہ مظفرپور میں مبینہ پولیس مقابلہ ہوا جس میں چار ڈاکو ہلاک جبکہ دو فرار ہو گئے۔ پولیس ترجمان کے مطابق چھ ڈاکوئوں نے آصف نامی شہری سے موٹر سایئکل اور پچیس ہزار روپے نقدی چھینی اور فرار ہوئے تو پولیس سے مڈبھیڑ ہو گئی۔
ڈاکوئوں نے پولیس پر فائرنگ کر دی تاہم دھند کے باعث ڈاکوئوں کی فائرنگ سے ان کے اپنے ہی چار ساتھی ہلاک ہو گئے جبکہ دو موقع سے فرار ہو گئے۔ ہلاک ہونے والے ڈاکوئوں کے پاس سے سرکاری رائفل اور دیگر اسلحہ برآمد کیا گیا ہے۔
پولیس ترجمان کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والے ڈاکوئوں کی شناخت کی جا رہی ہے، یاد رہے کہ گزشتہ روز چھ مسلح ڈاکوئوں نے خواجہ صفدر روڈ پر بڑی دیدہ دلیری سے ڈکیتی اور پانچ افراد کے قتل میں ملوث تین ڈاکوئوں کو پولیس کی حراست سے چھڑوایا تھا۔ ملزمان سمیت سرکاری بندوق اور گولیاں لیکر فرار ہو گے تھے، امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ ہلاک ہونے والے چار ڈاکوئوں میں سے تین ڈاکو وہی ہیں جن کو پولیس حراست سے چھڑوایا گیا تھا اور ایک ان کا کوئی نیا ساتھی ہے۔