راولپنڈی: (دنیا نیوز) پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل آصف غفور کا کہنا ہے کہ آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ نے کوئٹہ کی مسجد میں ہونے والے دھماکے کی مذمت کی ہے۔
پاک فوج کے ترجمان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا کہ کوئٹہ کے علاقے سیٹلائٹ ٹاؤن کی مسجد میں ہونے والے بم دھماکے کے بعد ایف سی بلوچستان کے جوان کوئٹہ میں دھماکا کی جگہ پر پہنچ گئے ہیں۔
FC Bln troops reached Qta blast site. Area cordoned off. Joint search operation with police in progress.Injured being evacuated to hosp.
— DG ISPR (@OfficialDGISPR) January 10, 2020
“Every possible assistance be given to police & civil administration. Those who targeted innocents in a mosque can never be true Muslim”, COAS.
ڈی جی آئی ایس پی آر نے لکھا کہ ایف سی نے تمام علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے اور پولیس کیساتھ مل کر سرچ آپریشن جاری ہے جبکہ زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا جارہا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل آصف غفور نے ٹویٹ میں لکھا کہ آرمی چیف نے کوئٹہ دھماکے کی مذمت کی اور کہا ہے کہ جن لوگوں نے مسجد میں معصوم لوگوں کو نشانہ بنایا ہے وہ سچے مسلمان نہیں ہو سکتے۔ پولیس اور انتظامیہ کو ہر ممکن سہولت دی جا رہی ہے۔
یاد رہے کہ بلوچستان کے صوبائی دارالحکومت کوئٹہ کے علاقے سیٹلائٹ ٹاؤن کی مسجد میں ہونے والے زودار دھماکے میں ڈی ایس پی امان اللہ سمیت 15 افراد شہید جبکہ متعدد ہو گئے ہیں۔
دھماکے کی اطلاع ملتے ہی قانون نافذ کرنے والے ادارے اور امدادی ٹیمیں فوری طور پر حرکت میں آتے ہوئے موقع پہنچیں اور علاقے کو تمام قسم کی آمدورفت کیلئے سیل کردیا۔
دھماکے میں زخمی ہونے والے متعدد افراد کو ایمبیولینسوں کے ذریعے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جہاں انھیں طبی امداد دی جا رہی ہے۔
ہسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ علاج کیلئے لائے گئے بیشتر زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ دھماکا سیٹیلائٹ ٹاؤن کی مسجد میں ہوا جہاں نماز مغرب کے وقت بہت سے نمازی موجود تھے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال نے کوئٹہ شہر میں سکیورٹی انتظامات مزید سخت کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے اس بزدلانہ کارروائی میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر دکھ کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے واقعہ کی رپورٹ طلب کرلی ہے۔
ادھر وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے بھی کوئٹہ میں دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے ڈی ایس پی امان اللہ سمیت دیگر افراد کی شہاد ت پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
انہوں نے شہدا کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور اظہار تعزیت کرتے ہوئے دھماکے میں زخمی ہونے والے افراد کی جلد صحتیابی کیلئے دعا بھی کی۔
سردار عثمان بزدار کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ شہدا کی عظیم قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔ دشمن ملک میں عدم استحکام پیدا کرنے کی مذموم کوشش کر رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ قوم کے ہر طبقے نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں بے پناہ قربانیاں دیں۔ قوم کے اتحاد سے ملک دشمن عناصر کے مذموم عزائم ناکام بنائیں گے۔