اسلام آباد: (دنیا نیوز) چیف الیکشن کمشنر اور ارکان کی تقرری پر پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس ایک بار پھر بے نتیجہ ختم ہوگیا۔
شیریں مزاری کی زیر صدارت پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں حکومت نے چیف الیکشن کمشنر کے لیے نئے نام پیش کرنا تھے لیکن ایسا نہ ہوسکا۔ اجلاس میں پنجاب اور سندھ سے الیکشن کمیشن ارکان کی تعیناتی کے لیے ناموں پر بھی کوئی پیشرفت نہ ہوئی۔
میڈیا سے گفتگو میں حکومتی رکن اعظم سواتی نے کہا کہ کوشش ہوگی نام آج شام تک اپوزیشن کو بجھوا دئیے جائیں، بلوچستان یا سندھ میں سے ایک نام حکومت اور ایک اپوزیشن سے ہو نے پر اتفاق رائے پیدا کر رہے ہیں۔
اس موقع پر نون لیگی رہنما سینیٹر مشاہد اللہ خان نے کہا کہ امید ہے ہائیکورٹ کی جانب سے دیا گیا وقت ختم ہونے سے پہلے اتفاق رائے ہو جائے گا۔ پارلیمانی کمیٹی کا آئندہ اجلاس اب پیر کو ہوگا جس میں چیف الیکشن کمشنر اور ممبران کے ناموں پر غور کیا جائے گا۔