پی آئی سی ہنگامہ آرائی کیس، وزیراعلیٰ پنجاب کو انکوائری رپورٹ پیش کر دی گئی

Last Updated On 20 January,2020 11:10 pm

لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار کو پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں وکلا کی ہنگامہ آرائی، توڑ پھوڑ کے واقعہ اور پولیس کے کردار کے بارے میں انکوائری رپورٹ پیش کر دی گئی ہے۔

 

یہ انکوائری رپورٹ ایڈیشنل آئی جی اظہر حمید کھوکھر نے وزیراعلیٰ کو پیش کی جس میں بتایا گیا کہ پولیس نے وقوعہ کے روز طاقت کا استعمال نہیں کیا جبکہ پولیس کی تعیناتی بھی مناسب نہیں تھی۔ وکلا کو ہسپتال پہنچنے سے پہلے روکا جاتا تو حالات اس نہج پر نہ پہنچتے۔

انکوائری رپورٹ میں کہا گیا کہ وکلا کی ہوائی فائرنگ کے باوجود پولیس نے ناخوشگوار واقعہ سے بچنے کیلئے فائرنگ نہیں کی۔ پنجاب سیف سٹی کے آaپریشنل مینجمنٹ اور پروٹوکول پر نظر ثانی کی ضرورت ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ہسپتال کے قریب تعینات پولیس فورس کو مناسب طریقے سے گائیڈ نہیں کیا گیا۔ ہنگامہ آرائی کے وقت بروقت فیصلے کرنے کی ضرورت تھی جو نہیں کیے گئے۔ فیصلے کرنے میں ہچکچاہٹ کی وجہ سے صورتحال میں خرابی پیدا ہوئی۔

وزیراعلیٰ نے انکوائری رپورٹ کی سفارشات کابینہ کمیٹی برائے امن وامان کے اجلاس میں پیش کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ سانحہ پی آئی سی کے ذمہ داروں کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے۔ قانون کو ہاتھ میں لینا افسوسناک اور قابل مذمت ہے۔ غفلت کے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی ہوگی۔
 

Advertisement