آئی جی سندھ نااہل افسر، انھیں عہدے پر رہنے کا حق نہیں ہے:مراد علی شاہ

Last Updated On 23 January,2020 10:59 pm

کراچی: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ سندھ نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت آئی جی پر عدم اعتماد کا اظہار کر چکی ہے لیکن وہ اب اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئے ہیں۔

 

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ انہیں کئی ماہ قبل یہ پیشگی اطلاع مل گئی تھی کہ پولیس سندھ حکومت کی شخصیات کے خلاف جھوٹے کیس بنائے گی اس معاملے کی تحقیقات ایک اچھے پولیس افسر سے کرائی گئی لیکن آئی جی سندھ نے یہ رپورٹ ہی دبا لی۔

سندھ حکومت آئی جی پر عدم اعتماد کا اظہار کرچکی ہے لیکن وہ اب اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئے ہیں۔ انہوں نے یہ بات جمعرات کو سندھ اسمبلی میں پی ٹی آئی کے رکن اسمبلی خرم شیر زمان کی جانب سے آئی جی سندھ کے تبادلے سے متعلق ایک توجہ دلاﺅ نوٹس کا جواب دیتے ہوئے کہی۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ ہمارے قانون کے مطابق وزیراعلیٰ اور آئی جی کی مشاورت سے ایس ایس پی لگتا ہے ہمیں بلا وجہ الزام نہ دیا جائے۔ شکارپور کے ایس ایس پی رضوان کی آئی جی نے سفارش کی تھی لیکن یہ اچھے افسر نہیں ہیں۔ اس ایس ایس پی کے خلاف اس کے ایڈیشنل آئی جی نے رپورٹ دی۔
 

Advertisement