لاہور: (دنیا نیوز) مسلم لیگ ن کی قیادت نے پارٹی کے سینئر رہنماؤں کو برطانیہ طلب کرلیا، شریف برادران کی زیر صدارت مشاورتی اجلاس آئندہ ہفتے برمنگھم میں ہوگا۔
ذرائع کے مطابق خواجہ آصف، رانا تنویر، سردار ایاز صادق کو برمنگھم پہنچنے کی ہدایت کی گئی، اس کے علاوہ عطاء اللہ تارڑ سمیت دیگر سینئر رہنما بھی قیادت کے حکم پر برمنگھم جائیں گے، رانا ثناء اللہ ای سی ایل میں نام ہونے کی وجہ سے برطانیہ نہیں جا سکیں گے۔
ذرائع کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں کی جمعرات کو برمنگھم روانگی کا امکان ہے، ن لیگ اجلاس میں نیب آرڈیننس ترمیمی بل سمیت اہم معاملات پر مشاورت ہوگی، مہنگائی پر حکومت کو پارلیمنٹ کے اندر ٹف ٹائم دینے کی حکمت عملی طے کی جائے گی، خواجہ آصف اپنے اوپر پارٹی رہنماؤں کی تنقید کا معاملہ قیادت کے سامنے رکھیں گے۔