پانی کنکشن فیس 900 فیصد تک بڑھانے کا فیصلہ

Last Updated On 24 January,2020 07:50 pm

لاہور (سٹاف رپورٹر سے) واسا لاہور نے پانی کنکشن کی فیس بڑھانے کا فیصلہ کر لیا،900 فیصد تک اضافے کا ورکنگ پیپر منظوری کے لیے ایل ڈی اے گورننگ باڈی کو ارسال کر دیا گیا۔

روزنامہ دنیا کے مطابق ورکنگ پیپر میں تجاویز دی گئی ہیں پانی کے نئے کنکشن کی فیس 50 سے بڑھا کر500،کنکشن کٹوانے کی فیس 100سے 300، ری کنکشن فیس 150سے 500کی جائے ۔ نام تبدیلی کی بھی فیس میں ہوشربا اضافہ تجویز کیا گیا ہے۔

گھریلو کنکشن نام تبدیلی کی فیس 50سے بڑھا کر 500 ،کمرشل کنکشن نام تبدیلی فیس50 سے 1 ہزار ،واٹر میٹر چیکنگ 50 سے 500 ، فیرول کلیننگ 75 سے ایک ہزار کرنے کی تجویز دی گئی۔

ورکنگ پیپر میں استدعا کی گئی ہے ریسٹورنٹ اور چھوٹی انڈسٹریز کے واٹر کنکشن کی فیس 7500 روپے سے بڑھا کر10ہزار ،پلازہ اور کمرشل مارکیٹ کے کنکشن کی فیس 9 ہزار سے 20 ہزار کی جائے۔

400 مربع فٹ سے زائد رقبے کے ریسٹورنٹ کے کنکشن کی فیس 12 ہزارسے 25 ہزار ،پٹرول پمپ اور ورکشاپ پر لگنے والے واٹر کنکشن کی فیس 15 ہزار سے بڑھا کر 30 ہزار روپے کی جائے۔ ایل ڈی اے گورننگ باڈی کے 28 جنوری کو ہونے والے اجلاس میں ورکنگ پیپر کی منظوری لی جائے گی۔