لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان، بنگلا دیش ٹی ٹونٹی کرکٹ سیریز کیلئے لاہور پولیس کا سکیورٹی پلان تیار کرلیا گیا، میچز کے دوران 10 ہزار سے زائد پولیس افسران اور جوان تعینات ہونگے۔
ڈی آئی جی آپریشنزرائے بابر سعید کے مطابق 17ایس پیز،48 ڈی ایس پیز، 134 انسپکٹرز اور 592 دیگر اہلکار فرائض سر انجام دیں گے۔
ڈی آئی جی آپریشنز کا کہنا تھا کہ لاہور پولیس میچز کے سکیورٹی انتظامات کے حوالے سے پوری طرح تیار ہے۔ ملک میں بین الاقوامی کرکٹ کی بحالی کے لئے لاہور پولیس بھرپور کردار ادا کر رہی ہے۔ ٹیموں اور شائقین کو بھرپور سکیورٹی فراہم کریں گے۔
ان کاکہنا تھا کہ سکیورٹی انتظامات کے حوالہ سے تمام متعلقہ اداروں سے مکمل رابطہ میں ہیں۔ ٹیموں کی قیام گاہ، روٹ اورسٹیڈیم کے گردو نواح میں سرچ اینڈسویپ آپریشنز جاری ہیں۔ کرکٹ میچز کا پر امن انعقاد یقینی بنانے کے لئے متعلقہ افراد سے ضمانتی مچلکے بھی لئے جا رہے ہیں۔
رائے بابر سعید کا مزید کہنا تھا کہ ڈولفن سکواڈ، ایلیٹ اور پیرو ٹیمیں مسلسل پٹرولنگ کریں گی، بلند عمارتوں پر سنائپرز تعینات ہونگے۔ سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے ٹیموں اور سٹیڈیم کے اطراف کی موثرمانیٹرنگ کی جائیگی۔
ڈی آئی جی آپریشنز کا کہنا تھا کہ ٹریفک رواں رکھنا ترجیح ہو گی، کوشش ہے میچز کے دوران شہریوں کو کم سے کم دشواری کا سامنا کرنا پڑے۔ ممنوعہ اشیا سٹیڈیم میں لانے پر مکمل پابندی ہو گی۔ شائقین کرکٹ کے لمحات سے بھرپور لطف اندوز ہونے کے لئے لاہور پولیس سے تعاون کریں۔
ان کا کہنا تھا کہ پارکنگ مخصوص مقامات پر ہو گی، شائقین کو شٹل بس سروس کے ذریعے سٹیڈیم تک پہنچایا جائے گا۔ سکیورٹی انتظامات میں پاک آرمی اور رینجرز سمیت تمام متعلقہ اداروں کی بھرپور معاونت حاصل ہو گی۔
یاد رہے کہ پاکستان بنگلا دیش کرکٹ سیریز کے تحت لاہور میں 24،25اور 27جنوری کو 3 ٹی ٹونٹی میچز کھیلے جائیں گے۔