سکھر: لاکھوں روپے کی اسمگل شدہ اشیاء اور ممنوعہ ادویات نذر آتش

Last Updated On 21 January,2020 11:40 pm

سکھر: (دنیا نیوز) سکھر میں محکمہ کسٹم کی جانب سے لاکھوں روپے کی اسمگل شدہ اشیاء، ممنوعہ ادویات و دیگر سامان نذر آتش کر دیا گیا، تلف کی گئی اشیاء و سامان اندرون سندھ کارروائیوں کے دوران پکڑی گئی تھیں۔

سکھر میں محکمہ کسٹم کی جانب سے سکھر سمیت اندرون سندھ کے مختلف شہروں میں کارروائیوں کے دوران پکڑی گئی 22.196 ملین روپے مالیت کی ممنوعہ ادویات، مضرصحت اشیاء اور اسمگل شدہ سامان جس میں 44 ہزار کلو گرام چھالیہ، 6484 پیکٹ گٹکا و پان پراگ، سات کلو گرام آتشبازی کا مواد، 90 بوتل شراب، اور 17151 ممنوعہ ادویات کی بوتلیں و ٹیبلٹس شامل تھیں، نذر آتش کردی گئیں۔

یہ اشیاء سال 2019 کے دوران مختلف کارروائیوں کے دوران پکڑا گیا تھا، اس سلسلے میں محکمہ کسٹم کے دفتر میں ایک تقریب منعقد کی گئی جس میں کسٹم کے علاوہ دیگر متعلقہ محکموں کے افسران اور معززین شہر و تاجروں نے بھی شرکت کی، سامان نذر آتش کرنے کی نگرانی محکمہ کسٹم سکھر کے ڈپٹی ڈائریکٹر انٹیلی جنس و انویسٹی گیشن سید محمد رضا نقوی اور ڈپٹی ڈائریکٹر عمران رسول نے کی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ڈپٹی ڈائریکٹر انٹیلی جنس نے کہا کہ محکمہ کسٹم کی جانب سے غیرقانونی اشیاء اور اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جارہے ہیں اور محکمے کی جانب سے کاروائیاں جاری رہیں گی۔