لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب سے تحریک انصاف کے سینئر رہنما جہانگیر خان ترین نے ملاقات کی جس میں سیاسی صورتحال پر بات چیت کی گئی۔
سردار عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان تحریک انصاف متحد ہے، افواہیں پھیلانے والے پہلے بھی ناکام رہے اور اب بھی ناکام رہیں گے، پنجاب میں کوئی فارورڈ بلاک ہے نہ پریشر گروپ۔ انہوں نے کہا اتحادی جماعت کو ساتھ لے کر چل رہے ہیں، پنجاب حکومت کے تمام سٹیک ہولڈرز ایک صفحے پر ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا ڈیڑھ برس میں وہ کام کئے جو ماضی کی حکومتیں برسوں میں نہ کرسکیں، اختلاف کا پراپیگنڈا کرنے والوں کے مذموم عزائم کامیاب نہیں ہوں گے۔
جہانگیر ترین نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت سب کو ساتھ لے کر چل رہی ہے، اختلاف رائے جمہوریت کا حسن ہے، مل کر عوام کی خدمت کر رہے ہیں اور کرتے رہیں گے، سازشیں کرنے والے پیچھے رہ جائیں گے اور وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں نیا پاکستان آگے بڑھتا جائے گا۔