ڈیرہ غازی خان: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے پنجاب میں تبدیلی کی افواہوں کو سازش قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب میں فارورڈ بلاک ہے نہ پریشر گروپ، تمام اتحادی ہمارے ساتھ ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار ڈیرہ غازی خان پہنچے جہاں انہوں نے شہر میں صفائی کے انتظامات اور ترقیاتی سکیموں کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر وہ خود لوگوں کے پاس گئے اور ان سے مصافحہ کیا۔
اس کے علاوہ وزیراعلیٰ سے عمائدین اور شہریوں نے بھی ملاقات کی۔ انہوں نے ان کے مسائل سنے اور ان کی درخواستوں پر ہدایات جاری کیں۔ سردار عثمان بزدار نے سرائیکی اور بلوچی زبان میں گفتگو کی اور شہریوں سے حال احوال دریافت کیا۔ انہوں نے اس موقع پر خواتین کے مسائل بھی سنے اور ان کے حل کے لئے موقع پر ہی احکامات جاری کئے۔
وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے سماجی کارکن حفیظ خان بزدار کے انتقال پر ان کے بھائی ممتاز بزدار اور ورثا سے اظہار تعزیت کیا اور مرحوم کے ایصال ثواب کے لئے فاتحہ بھی کی۔
اس موقع پر عثمان بزدار کا میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ پنجاب میں تبدیلی کی افواہیں پھیلانے والے سازشیں کر رہے ہیں۔ تمام سٹیک ہولڈرز ایک پیج پر ہیں جبکہ اتحادی بھی ہمارے ساتھ ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پنجاب میں آٹے کا کوئی بحران نہیں تاہم عوام کی سہولت کے لئے شہروں اور تحصیلوں میں سیل پوائنٹس کی تعداد بڑھائی گئی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ جنوبی پنجاب کی ترقی کے لئے 35 فیصد فنڈز مختص کئے گئے ہیں۔ یہ فنڈز کسی اور علاقے پر خرچ نہیں ہو سکیں گے۔ علاقے کی ترقی اور عوام کے مسائل کے حل کے لئے مل کر کام کر رہے ہیں۔
ادھر وزیراعلیٰ پنجاب کی تحریک انصاف کے ناراض ارکان کے ساتھ ملاقات جمعے تک موخر کر دی گئی ہے۔ وزیراعلیٰ کے دورہ کوئٹہ، کراچی، بہاولپور اور ڈی جی خان میں مصروفیات کے باعث ملاقات موخر ہوئی۔
یاد رہے کہ طے شدہ شیڈول کے مطابق وزیراعلیٰ سے بیس ناراض ارکان کی آج ملاقات ہونا تھی۔ ناراض ارکان اب جمعہ کو وزیراعلیٰ سے ملاقات میں اپنے تمام تحفظات اور اعتراضات پیش جبکہ اپنے حلقوں میں بیوروکریسی کی رکاوٹوں کے باعث حائل مشکلات سے بھی انھیں آگاہ کریں گے۔