لاہور: (دنیا نیوز) عثمان بزدار نے کہا ہے کہ اپوزیشن کا بیانیہ پٹ چکا، عوام کو پٹے ہوئے مہروں سے کوئی دلچسپی نہیں، تحریک انصاف کی حکومت پاکستان کو درست سمت میں لے کر جا رہی ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ سابق ادوار میں کرپشن کا دور دورہ تھا، گزشتہ دس برس کے دوران ریکار ڈ قرضے لئے گئے، میرٹ کی حکمرانی تحریک انصاف کی حکومت کا طرۂ امتیاز ہے، قرضوں کو ملک کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کیلئے استعمال نہیں کیا گیا، مہنگے قرضے لے کر ذاتی نمود و نمائش کے منصوبے شروع کئے گئے۔
عثمان بزدار کا کہنا تھا ہماری جدوجہد پاکستان کو سدھارنے اور عوام کو خوشحال کرنے کی ہے، ہمارا ہر قدم وطن عزیز کی بہتری کیلئے اٹھ رہا ہے، تحریک انصاف نے کبھی ذاتی مفادات کی سیاست نہیں کی اور نہ کبھی آئندہ کریں گے، ہمیشہ قومی مفادات کو مقدم رکھا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا تحریک انصاف کی حکومت پاکستان کی سیاسی تاریخ کی شفاف ترین حکومت ہے، تبدیلی سے خوفزدہ عناصر حکومت کے خلاف بے سود پراپیگنڈہ کر رہے ہیں۔