لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا ہے کہ 2020 میں پاکستان ماضی کی نسبت زیادہ پر امن، معاشی طور پر مستحکم اور جمہوری طور پر مزید مضبوط ہوگا، نیا سال پاکستانی عوام کے لئے روشن مستقبل، ترقی کی نوید اور امید بن کر طلوع ہوگا۔
وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے اپنے بیان میں کہا کہ نیا سال خوشحال، ترقی یافتہ اور پر امن نئے پاکستان کی بنیاد بنے گا، ہمیں سال 2019ء کو الوداع اور نئے سال کو خوش آمدید کہتے ہوئے اپنی کامیابیوں اور ناکامیوں کا بھی جائزہ لینا ہو گا، 2019ء میں صوبے کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کے پائیدار سفر کی بنیاد رکھی، 2020ء میں اس سفر کو مزید آگے بڑھائیں گے-
عثمان بزدار کا کہنا تھا تنقید برائے تنقید کے باوجود عوام کی خدمت میں کمی نہیں آنے دی، ہم نے باتیں کم اور کام زیادہ کئے، اپوزیشن صرف کھوکھلے نعرے لگاتی رہی، 2020 پاکستان کے عوام سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل کا سال ہے، نیا سال حقیقی تبدیلی لے کر آئے گا، عوام اپنی زندگیوں میں خوشگوار تبدیلی محسوس کریں گے، قائداعظم محمد علی جناحؒ کے ویژن کے مطابق پاکستان کو فلاحی ریاست بنانے کیلئے کوشاں رہیں گے، مشکل حالات سے گزرنے اور ماضی کی کوتاہیوں سے سبق سیکھ کر مستقبل میں اصلاح کے عزم کیساتھ آگے بڑھنا ہے۔