لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار نے اورنج ٹرین کا کرایہ 40 روپے مقرر کرنے کی منظوری دیدی تاہم لاہور میٹرو بس کا کرایہ بڑھانے کی تجویز مسترد کر دی۔
وزیراعلی پنجاب کا کہنا تھا کہ لاہور میٹرو بس کا کرایہ 30 روپے ہی رہے گا، یاد رہے شہباز شریف دور میں میٹرو بس کا کرایہ صرف 20 روپے تھا جبکہ اورنج ٹرین کا کرایہ اس سے دگنا یعنی 40 روپے مقرر کیا گیا ہے۔ وزیراعلی عثمان بزدار نے معاملہ کابینہ کو ریفر کر دیا۔
یہ بات قابل ذکر ہے کہ اورنج لائن میٹرو ٹرین کا یہ منصوبہ دسمبر 2017 میں مکمل ہونا تھا تاہم شہباز شریف دور میں افتتاح کے باوجود تاحال یہ سہولت لاہور کے شہریوں کو میسر نہیں آ سکی، گزشتہ ماہ کی 10 تاریخ کو اورنج ٹرین ایک بار پھر آزمائشی طور پر چلائی گئی تاہم شہریوں کا مزید 3 ماہ کا وقت دے دیا گیا جس کے دوران ٹرین کو تجرباتی طور پر چلا کر ٹریک سمیت دیگر تکنیکی پہلووں کا جائزہ لیا جائے گا۔