پشاور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے ایڈوائزر اجمل خان وزیر نے کہا ہے کہ جو کچھ ہو رہا تھا، پارٹی ڈسپلن کی کھلم کھلا خلاف ورزی تھی، اب بھی جو بھی پارٹی ڈسپلن کے خلاف کام کرے گا، ایکشن ہوگا۔
دنیا نیوز کے پروگرام’’ اختلافی نوٹ’’ میں گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہمیں ووٹ عمران خان کی وجہ سے ملتا ہے۔ ہمیں وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے ہاتھ مضبوط کرنے چاہیں۔
انہوں نے بتایا کہ بڑی کوشش کی وزرا کی ٹینشن کو ختم کیا جائے لیکن ایسا نہیں ہوا۔ جو کچھ ہو رہا تھا، پارٹی ڈسپلن کی کھلم کھلا خلاف ورزی تھی۔ پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی پر چیف منسٹر نے ایکشن لیا۔
اجمل خان وزیر نے کہا کہ سب کو وزیراعظم عمران خان کے ویژن پر عمل کرنا ہوگا۔ صوبائی وزرا کیخلاف یہ ایکشن وزیراعظم کی مشاورت سے کیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ قبائلی علاقوں میں جو کام ہوا اس کی ماضی میں مثال نہیں ملتی، صرف بی آر ٹی منصوبے پر تنقید کی جاتی ہے۔