اسلام آباد: (دنیا نیوز) بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام سے مالی فوائد لینے والے سرکاری افسران کے گرد شکنجہ مزید سخت کر دیا گیا، غریبوں کا حق کھانے والے بی آئی ایس پی کے 4 افسران نوکری سے فارغ کر دیئے گئے۔
وفاقی تحقیقاتی ادارے نے بی آئی ایس پی سے مالی فوائد لینے والے افسران کے خلاف دو مراحل میں انکوائری کرنے کا فیصلہ کیا ہے، پہلے مرحلے میں غریبوں اور ناداروں کا حق کھانے والے افسران جب کہ دوسرے مرحلے میں سہولت کاروں کو پکڑنے کا فیصلہ ہوا ہے۔
اس حوالے سے ایف آئی اے ہیڈکوارٹرز نے تمام صوبائی زونز کو متعلقہ افسران کی تفصیلات فراہم کر دیں۔ ایف آئی اے نے نادرا کو فیملی ٹری، بائیو میٹرک اور پیشے کی تفصیلات کیلئے بھی لکھ دیا جبکہ اے جی پی آر سے متعلقہ افسران، سہولت کاروں کی ملازمت و تنخواہوں کا ریکارڈ طلب کر لیا ہے۔
بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام سے مجموعی طور پر 1 لاکھ 40 ہزار سرکاری ملازمین نے استفادہ کیا، ان سرکاری ملازمین میں سے 2047 سرکاری ملازمین 17 گریڈ یا اس سے اوپر کے تھے۔ وفاقی حکومت نے ان کے خلاف کاروائی کرنے کا فیصلہ کیا ہے، وفاقی حکومت نے اس حوالے سے ایف آئی اے کو باقاعدہ ہدایات جاری کر دیں ہیں۔