اسلام آباد: (دنیا نیوز) ایمرجنسی کور کمیٹی نے کرونا سے نمٹنے کیلئے حکمت عملی تیار کرلی۔ متاثرہ افراد کی نگرانی اور علاج خصوصی انتظامات سے مشروط کر دیئے۔ کمیٹی نے ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف کو 3 ہزار ڈالر مالیت کا مہنگا ترین لباس صرف ایک بار پہننے کی ہدایت کر دی۔
معاوں خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا کی زیر صدارت کور کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں سیکرٹری ہیلتھ،ایگزیکٹو ڈائریکٹر این آئی ایچ، پاک فوج کے نمائندے اور دیگر ارکان نے شرکت کی۔ کرونا وائرس سے متعلق تازہ ترین صورتحال اور اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔
ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ تمام ہوائی اڈوں پر ہیلتھ اسٹیبلشمنٹ کا تربیت یافتہ عملی سکریننگ کے نظام کو یقینی بنا رہا ہے، وزارت صحت میں قائم ایمرجنسی آپریشن سیل بھی صورتحال کو مانیٹر کر رہا ہے، ایمرجنسی کور کمیٹی تیزی سے بدلتی ہوئی صورتحال کی نگرانی کر رہی ہے۔
معاوں خصوصی برائے صحت نے کہا تمام صوبوں سے درخواست کی ہے کہ کرونا وائرس کے ممکنہ کیسز کیلئے ہسپتال اور علیحدہ وارڈز مختص کریں، ایمرجنسی کور کمیٹی میں کیے جانے والے فیصلوں پر عملدرآمد ہنگامی بنیادوں پر یقینی بنائیں، وزیراعظم پاکستان کی ہدایت پر جنگی بنیادوں پر کرونا وائرس سے بچاو کیلئے اقدامات کر رہے ہیں۔
ادھر سول ایوی ایشن اتھارٹی نے چین سے براہ راست فلائٹ آپریشن معطل کر دیا، پاکستان اور چین کے درمیان براہ راست پروازیں 2 فروری تک منقطع رہیں گی۔ فیصلہ حفاظتی اقدامات کی روشنی میں کیا گیا ہے، نئے احکامات کے مدنظر کسی ایئرپورٹ سے چین کیلئے براہ راست پروازیں آپریٹ نہیں کی جائیں گی۔
دوسری جانب ایئر چائنہ نے بھی 5 فروری تک کراچی اور اسلام آباد کے لیے پروازیں بند کر دیں، بیجنگ سے کراچی آنے والی ایئر چائنہ کی پرواز بھی منسوخ کر دی گئی۔