کراچی: (دنیا نیوز) کورونا وائرس کے خطرے کے پیش نظر چین کے شہر وہان سے کراچی کےعلاقے لیاری پہنچنے والے طالبعلم ارسلان کو آغا خان ہسپتال کے آئسولیشن وارڈ منتقل کر دیا گیا۔
محکمہ صحت سندھ کے حکام کے مطابق ارسلان کی ناک سے رطوبت کا سیمپل لیکر قومی ادارہ برائے صحت اسلام آباد بھجوا دیا گیا ہے اور اگر وہاں سے سیمپل نیگیٹو آیا تو ارسلان کو ہسپتال سے جلدی ڈسچارج کیا جاسکتا ہے۔
ماہرین کے مطابق کورونا وائرس سے متاثرہ کئی اشخاص میں علامات ظاہر نہیں ہوتی لیکن وہ دوسروں کو انفیکشن میں مبتلا کرنے کا سبب بن سکتے ہیں۔ جاپانی حکومت کی جانب سے قومی ادارہ برائے صحت اسلام آباد کو کورونا وائرس کی تشخیص کیلئے کٹس فراہم کر دی گئی ہیں۔ جس کے بعد اب قومی ادارہ برائے صحت 1000سیمپلز کو ٹیسٹ کرسکتا ہے۔