بھارتی فوج کی ایل او سی چری کوٹ سیکٹر پر فائرنگ، شہری شہید، خاتون زخمی

Last Updated On 08 February,2020 10:48 pm

راولپنڈی: (دنیا نیوز) بھارتی فوج کی جانب سے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر شہری آبادی پر بلااشتعال فائرنگ کی گئی، بھارتی فورسز نے شہری آبادی کو نشانہ بنایا جس کے باعث ایک شہری شہید ہو گیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بھارتی فوج کی جانب سے ایل او سی پر بلا اشتعال فائرنگ کی گئی، یہ فائرنگ لائن آف کنٹرول کے چری کوٹ سیکٹر میں کی گئی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی فوج نے لائن آف کنٹرول پر شہری آبادی کا نشانہ بنایا، بھارتی فوج نے مارٹر گولوں اور توپ خانے کا استعمال کیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق بھارتی فوج کی فائرنگ کے باعث ایک شہری،جس کا نام میر محمد ہے، شہید ہو گیا جبکہ فائرنگ کے باعث ایک خاتون زخمی ہوئی جسے طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق جاں بحق اور زخمی ہونے والے افراد کا تعلق ایل او سی چری کوٹ سیکٹر کے ککوٹا گاؤں سے ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق بھارتی فوج کی فائرنگ کے بعد پاک فوج نے بر وقت طور پر جواب دیتے ہوئے بھارتی چیک پوسٹوں کو نشانہ بنایا۔

دوسری جانب اسلام آباد میں بھارتی ناظم الامور کو دفتر خارجہ طلب کر کے لائن آف کنٹرول پر بلااشتعال فائرنگ اور جنگ بندی کی خلاف ورزی پر شدید احتجاج کیا گیا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ ایسے احمقانہ اور بے حسی پر مبنی بھارتی اقدامات نہ صرف 2003 کے جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی ہیں بلکہ بھارتی جارحیت عالمی انسانی حقوق اور عالمی اقدار کی بھی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے۔

ترجمان نے ایسے واقعات کو خطے کے امن و سلامتی کے لیے خطرہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایل او سی اور ورکنگ باؤنڈری پر کشیدگی میں اضافہ کر کے بھارت مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی بدتر ہوتی صورتحال سے توجہ ہٹا نہیں سکتا۔

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ بھارت 2003 ء کے جنگ بندی معاہدے کی پاسداری کرے، جنگ بندی کی دانستہ طور پر خلاف ورزیوں کے حالیہ واقعے بھارت کے اندورنی حالات سے دنیا کی نظر نہیں ہٹا سکتی۔
 

دوسری طرف آزاد کشمیر کے وزیراعظم راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کنٹرول لائن پر بھارتی فوج کی فائرنگ کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی فوج کی فائرنگ سے شہید ہونے والے کشمیری شہری میر محمد کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔

فاروق حیدر کا مزید کہنا تھا کہ بھارتی فائرنگ سے زخمی خاتون کو بہترین طبی امداد فراہم کی جائیں گی، بھارتی فوج کی نہتے شہریوں پر فائرنگ کی شدید مذمت کرتے ہیں، بھارتی فوج ایل او سی پر سکولوں اور صحت مراکز کو نشانہ بنا رہی ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ کشمیری بھارت کی بزدلانہ حرکتوں سے ڈرنے والے نہیں ہیں، بھارتی چوکی کو اڑانے والے پاک فوج کے جوان خراج تحسین کے مستحق ہیں، کنٹرول لائن کے علاقوں میں انتظامیہ الرٹ رہے۔ 

Advertisement