اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر اسد عمر کا کہنا ہے کہ نیپرا معیار کے مطابق عمل کر کے صارفین کو بہتر خدمت دی جائیں۔ ڈسٹری بیوشن سسٹم کی گنجائش کو بڑھانا چاہئے۔
ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر اسد عمر نے اسلام آباد میں بجلی کے بنیادی ڈھانچے میں بہتری کیلئے اجلاس کی صدارت کے دوران کیا۔ اجلاس میں پاکستان تحریک انصاف کے ایم این اے علی نواز اعوان، راجہ خرم نواز، سی ای او آئیسکو شریک ہوئے۔
اجلاس کے دوران اسلام آباد میں بجلی کے نظام کو بہتر بنانے کیلئے سی ای او آئیسکو نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ 132 کے وی، 220 کے وی کے دو گرڈ اسٹیشنز تعمیر کرنے کا منصوبہ ہے، گرڈ اسٹیشن اور ٹرانسمیشن سسٹم کو اپ گریڈ کرنے کیلئے 16 ارب روپے لگیں گے۔
بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ منصوبے پر 3 سالوں میں 16 بلین روپے لاگت آنے کا تخمینہ ہے، حلقوں کی سطح صارفین کی شکایات کے لئے نئے سروس سینٹرز قائم کیے جائیں گے۔
اس موقع پر وفاقی وزیر اسد عمر کا کہنا تھا کہ فیڈرز، ٹرانسفارمرز کو اپ گریڈ کرکے ڈسٹری بیوشن سسٹم کی گنجائش کو بڑھانا چاہئے، نیپرا معیار کے مطابق عمل کر کے صارفین کو بہتر خدمت دی جائیں۔