معاملات سلجھ گئے: حکومتی کمیٹی نے اتحادی جماعت ق لیگ کو منا لیا

Last Updated On 10 February,2020 03:24 pm

لاہور: (دنیا نیوز) مسلم لیگ ق اور حکومت کے درمیان ڈیڈ لاک ختم ہوگیا، ق لیگ کے مطالبات تسلیم کر لیے گئے۔ سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی نے حکومت کے ساتھ چلنے کا اعلان کر دیا۔

 گورنر پنجاب چودھری محمد سرور، وزیر اعلیٰ عثمان بزدار، وفاقی وزراء پرویز خٹک، شفقت محمود اور اسد عمر نے چودھری پرویز الٰہی کے ساتھ وفد کی سطح پر مذاکرات کیے، ایک گھنٹے تک جاری رہنے والے مذاکرات کی کامیابی کا اعلان مشترکہ پریس کانفرنس میں کیا گیا۔

مسلم لیگ ق اور حکومتی ٹیم کی جانب سے معاملات طے پا جانے کا باضابط اعلان کر دیا گیا ہے۔ حکومتی کمیٹی کے سربراہ وزیر دفاع پرویز خٹک کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ ق کو یقین دہانی کروائی ہے کہ مل جل کر فیصلے کریں گے، ہمارے درمیان معمولی تحفظات تھے جن کو اپوزیشن نے ہوا دی۔

سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ اگلے الیکشن میں بھی تحریک انصاف کے ساتھ اکٹھے جائیں، مہنگائی سمیت دیگر مسائل پر بات ہوئی، کچھ نئے ایشوز بھی زیر بحث آئے جو آنے والے وقت میں سامنے لائیں گے۔

ادھر حکومتی کمیٹی اور مسلم لیگ ق کے مذاکرات کی اندرونی کہانی دنیا نیوز نے حاصل کرلی۔ حکومتی کمیٹی نے مسلم لیگ ق کے مطالبات تسلیم کر لیے۔ ذرائع کے مطابق ق لیگ کو ترقیاتی فنڈز جلد جاری کر دئیے جائیں گے، مسلم لیگ ق کے وزرا وزارتوں کے معاملات میں با اختیار ہوں گے، کسی بھی قابل اعتراض آفیسر کی تقرری پر تحریک انصاف اعتراض کرسکے گی، اعتراض پر مسلم لیگ ق متعلقہ وزارت میں تعیناتی کے کیے نئے آفیسر کا نام دینے کی پابند ہوگی۔

ترقیاتی فنڈز کے معاملہ پر آئندہ دو روز میں فالو اپ میٹنگ اسلام آباد میں ہوگی، مسلم لیگ ق اپنے متعلقہ اضلاع میں عوامی مسائل کے حل کے لیے با آختیار ہوگی۔ بیوروکریسی کی تعیناتی مختلف کمیٹیوں میں نمائندگی اور حکومتی اداروں میں نمائندگی میں ق لیگ کی تجاویز پر عمل کیا جائے گا۔

وفاق کے معاملات پر پرویز خٹک اور اسد عمر عمل کرو آئیں گے، پنجاب کے معاملات پر وزیر اعلی اور گورنر عمل درآمد کروانے کے پابند ہوں گے۔

 

Advertisement