دنیا افغان مہاجرین کی میزبانی کرنیوالے پاکستان کیساتھ تعاون جاری رکھے، اقوام متحدہ

Last Updated On 21 February,2020 06:01 pm

نیویارک: (دنیا نیوز) اقوام متحدہ نے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ لاکھوں افغان مہاجرین کی مدد کرنے والے پاکستان کے ساتھ تعاون جاری رکھے۔

ترجمان اقوام متحدہ سٹیفن ڈوجیریک کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان گذشتہ 40 سالوں سے لاکھوں افغان مہاجرین کی دیکھ بھال کا بوجھ اٹھائے ہوئے ہے۔ یہ صرف پاکستان کی ذمہ داری نہیں بلکہ عالمی برادری کو بھی اس کی مدد کرنے کی ضرورت ہے۔

سٹیفن ڈوجیریک کا یو این ہیڈ کوارٹرز میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہنا تھا کہ سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس کے دورے کا مقصد بھی عالمی برادری کی توجہ افغان مہاجرین کی حالت زار پر مبذول کروانا تھا۔

ترجمان نے کہا کہ عالمی ادارہ کے سربراہ نے پاکستانی حکومت اور عوام کی افغان مہاجرین کی فراخدلانہ امداد اور تعاون کو سراہا جنہوں نے افغان مہاجرین کا اپنے ملک میں خیر مقدم کیا حالانکہ یہ ان کی ذمہ داری نہیں تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے پاکستان کے دورہ کے دوران دوروزہ بین الاقوامی کانفرنس مین شرکت کی جو افغان مہاجرین کے پاکستان میں قیام کے 40 سال پورے ہونے پر پاکستان میں منعقد ہوئی تھی۔
 

Advertisement