لاہور: (دنیا نیوز) اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز کا بلاول بھٹو کے نواز شریف سے متعلق بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہنا تھا کہ وہ ایسی بات نہ کرتے تو اچھا تھا۔ نواز شریف علاج کے لئے بیرون ملک گئے، ان کی طبیعت سیریس خراب ہے۔
پنجاب اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو میں حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ جب آصف زرداری بیمار تھے تو میں ان کی صحت یابی کے لئے دعا کرتا تھا۔ سیاست میں جو شائستگی کا سفر کیا تھا اس کو برقرار رہنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ اللہ تعالی سب کے والدین کو صحت عطا فرمائے۔ نواز شریف کی اس ملک کے لئے بڑی خدمات ہیں۔ وہ صحت یاب ہو کر وطن واپس آئیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ مہنگائی کی وجہ عوام کی زندگی اجیرن ہو گئی ہے۔ غریب آدمی پریشان ہے۔ وزیراعظم کی کوتاہی، نااہلی اور چوری ثابت ہو چکی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: عمران خان سے پہلے نواز شریف بھی سلیکٹڈ تھے: بلاول بھٹو زرداری
خیال رہے گزشتہ روز پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا تھا کہ حکومت کا ٹھیکا پورا ہو چکا، یہ چھ ماہ میں چلی جائے گی۔ وزیراعظم عمران خان سے پہلے نواز شریف بھی سلیکٹڈ تھے۔ پاورشیئرینگ کے لیے کوئی ڈیل نہیں کریں گے، بیرونی طاقتیں سلیکٹڈ حکومتوں کو استعمال کرتی ہیں۔
بلاول ہاؤس میں صحافیوں سے گفتگو میں پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین کا کہنا تھا کہ ن لیگ بھی عمران خان کی طرح پارلیمنٹ کو اہمیت نہیں دیتی۔ پنجاب کے عوام کو جب ضرورت پڑی ان کے لیڈر غائب ہو گئے۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ یہ حکومت ٹھیکے پر لی گئی ہے اس کے پاس کوئی اختیار نہیں، جب حکومت ٹھیکے پر ملے تو وہی کرتی ہے جو ٹھیکہ طے ہوا ہو۔ ہم حکومت میں آئے تو پاور شیئرنگ پر نظر ثانی کریں گے، پاور شیئرنگ کیلئے کوئی ڈیل نہیں کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ اٹھارویں ترمیم کے ذریعے ہم نے پارلیمنٹ اور سویلین بالادستی کو یقینی بنایا بیرونی طاقتیں سلیکٹڈ حکومتوں کو ہی استعمال کرتی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پنجاب کے عوام کو جب ضرورت پڑی ہے تو ان کے لیڈر ہی غائب ہو گئے ہیں، ادارے عوام کو کچھ نہیں سمجھتے اور نہ عوام کی طاقت مانتے ہیں۔