عالمی برادری مودی کے مظالم، نسل پرستی کو روکنے کیلئے اقدامات کرے: وزیراعظم

Last Updated On 28 February,2020 10:56 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان کاکہنا ہے کہ عالمی برادری مودی کے مظالم اور نسل پرستی کو روکنے کے لئے اقدامات کرے۔ نئی دہلی میں مسلمانوں کا منظم قتل عام نازی جرمنی کے مظالم طرزعمل پر جاری ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ بھارتی دارالحکومت نئی دہلی سے تصاویر آ رہی ہیں جہاں پر مسلمانوں کے گھروں اور دکانوں سمیت دیگر بزنس کو جلایا جا رہا ہے۔

ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے انہوں نے مزید لکھا کہ مسلمانوں پر بدترین تشدد اور انہیں ہلاک کیا جا رہا ہے، قبرستانوں کو جلایا جا رہا ہے، یہ بالکل ایسی ہی کارروائیاں ہیں جو جرمن نازی یہودیوں کیخلاف کیا کرتے تھے۔

 عمران خان کا کہنا تھا کہ عالمی برادری بھارتی وزیراعظم نریندرا مودی کے مظالم اور نسل پرستی کو روکنے کے لئے اقدامات کرے۔

وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ میں بار بار دنیا کو آگاہ کرتا رہا ہوں کہ بھارتی وزیراعظم نریندرا مودی کا نظریہ جرمن نازیوں جیسا ہے، ہٹلر نے 1930ء کے دوران یہودیوں کو جس طرح نشانہ بنایا مودی اسی طرح مسلمانوں کو نشانہ بنا رہا ہے۔

 ان کا مزید کہنا تھا کہ 2002ء کے دوران نریندرا مودی جب گجرات کے وزیراعلیٰ تھے تو انہوں نے فسادات کے دوران مسلمانوں کو شہید کروایا تھا۔ نئی دہلی میں مسلمانوں کا منظم قتل عام نازی جرمنی کے مظالم طرزعمل پر جاری ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر عمران خان نے ایک ویڈیو شیئر کی یہ ویڈیو برطانیہ کی کیمبرج یونیورسٹی پریا گوپال کی تھی، جس میں پروفیسر بتا رہی ہیں کہ بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں مسلمانوں پر حملوں کے ساتھ ساتھ ان کے گھروں، عبادتگاہوں پر حملے کیے جا رہے ہیں، یہ حملے بالکل اسی طرح کیے جا رہے ہیں جب 1938ء کے دوران جرمن نازیوں نے یہودیوں پر کیے تھے۔ اس وقت جرمن نازیوں نے یہودیوں پر حملے کیے اور ان کے گھر اور کاروبار کو جلایا تھا۔  

Advertisement