اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان مسلم لیگ ق کے سربراہ چودھری شجاعت حسین نے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے امیر مولانا فضل الرحمن سے ٹیلیفونک رابطہ کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق چودھری شجاعت حسین اور مولانا فضل الرحمن کے درمیان ٹیلیفونک رابطے پر ملکی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا ہے۔ شجاعت حسین کی مولانا فضل الرحمن کی امانت پر بھی بات چیت کی۔
اس موقع پر چودھری شجاعت حسین کا کہنا تھا کہ دھرنے کے دوران جو معاہدہ ہوا تھا اس امانت کا راز فاش نہیں کرنا چاہیے، ملکی مشکلات میں آپ کی رہنمائی کی ضرورت ہے۔ ہمیں اس وقت ملک میں نئے کٹے نہیں کھولنا چاہیے۔
انہوں نے مولانا فضل الرحمان سے مزید کہا کہ آپ جن امانت علی اور سلامت علی کا ذکرکرتے ہیں ان پر مل کر بات کرینگے۔ قوم نے بھی ہمیں ایک امانت دی ہے، ہمیں قوم کے مسائل حل کرنے کیلئے مل کر کوشش کرنی چاہیے۔
ق لیگی سربراہ کا کہنا تھا کہ آپ ایک عظیم باپ کے بیٹے ہیں۔ اپ کے والد نے ملک کی مضبوطی کی تحریکوں میں حصہ لیاوہ ایک عظیم لیڈر تھے۔