خلاصہ
- پشاور: (دنیا نیوز) جمعیت علمائے اسلام (ف) کے مرکزی امیر مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ ہماری تحریک کورونا وائرس کے باعث معطل ہے، اس وبا سے ملکی معیشت تباہ ہو گئی ہے۔ حکومتی اقدامات ناکامی کی تصویر پیش کر رہے ہیں۔
پشاور پریس کلب کے پروگرام ‘’ملاقات’’ میں مولانا فضل الرحمٰن نے اظہار خیال کرتے ہوئے چینی اور آٹا سیکنڈل رپورٹ کو پبلک کرنے کی بجائے لیک قرار دیا اور کہا کہ عمران خان واقعی احتساب کرنا چاہتے ہیں تو بی آر ٹی منصوبہ، بیلن ٹری اور فارن فنڈنگ کیس کے تفصیلات سامنے لائیں۔ حکمرانوں کے سر پر جب آئی تو خیبر پختونخوا کا احتساب کمیشن ہی بند کردیا۔
مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ ملکی معیشت پر کورونا وائرس کے منفی اثرات پڑے ہیں۔ حکومت کو پوسٹ کورونا صورتحال پر قابو پانے کے لئے حکمت عملی تیار کرنی چاہیے۔ سپریم کورٹ کا معاون خصوصی صحت کو ہٹانے سے ظاہر ہوا کہ پوری حکومت کی کارکردگی بہتر نہیں ہے۔
جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ نے نیب پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہ قومی ادارہ سیاستدانوں کو چور ثابت کرنے میں لگا ہے، شروع دن سے سیاسی بنیادوں پر گرفتاریاں کی جا رہی ہیں۔