خلاصہ
- اسلام آباد: (دنیا نیوز) جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے اٹھارویں ترمیم کے معاملے پر بلاول بھٹو زرداری اور شہباز شریف سمیت اپوزیشن جماعتوں کے قائدین سے رابطے کیے۔
ذرائع کے مطابق مولانا فضل الرحمن نے مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف، پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، محمود خان اچکزئی اور میاں افتخار سے ٹیلی فونک رابطے کیے اور اٹھارویں ترمیم پر اپوزیشن جماعتوں کے قائدین سے مشاورت کی۔
بلاول بھٹو زرداری کیساتھ درمیان ٹیلی فونک رابطے میں 18ویں آئینی ترمیم کے حوالے سے بات چیت ہوئی۔ اس موقع پر دونوں رہنماؤں کے درمیان مکالمہ ہوا جس میں بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ جمہوری قوتیں 18ویں آئینی ترمیم پر کسی صورت کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گی۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ ہم نے 18ویں آئینی ترمیم کے ذریعے دستور کو اس کی اصل شکل میں بحال کیا۔ 18ویں آئینی ترمیم کے خاتمے کے حوالے سے کسی بھی کوشش کو برداشت نہیں کریں گے۔
چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور مولانا فضل الرحمان نے گفتگو کے دوران 18ویں آئینی ترمیم کے تحفظ کے حوالے سے اتفاق کیا۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ ملک کورونا وائرس کی وجہ سے سنگین حالات سے گزر رہا ہے۔ وفاق آئین سے چھیڑ چھاڑ کے بجائے صوبوں کی مدد کرے۔
مسلم لیگ (ن) کے صدر میاں شہباز شریف کے ساتھ گفتگو میں بھی مولانا فضل الرحمن نے اٹھارویں ترمیم کے حوالے حکومتی حلقوں کے سامنے آنے والے بیانات پر بات چیت کی۔