اسلام آباد: (دنیا نیوز) سپریم کورٹ آف پاکستان نے ڈی جی نیب لاہور شہزاد سلیم کے خلاف ڈگری کیس خارج کر دیا۔
چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے ڈی جی نیب لاہور شہزاد سلیم کی ڈگری کے خلاف دائر درخواست کی سماعت کی۔ فاضل عدالت کے روبرو ہائیر ایجوکیشن کمیشن نے ڈگری کے درست ہونے کی تصدیق کی۔ سپریم کورٹ نے ہائیر ایجوکیشن کمیشن کی تصدیق کی روشنی میں درخواست نمٹائی۔ درخواست میں ڈی جی نیب لاہور کی ڈگری پر اعتراض اٹھایا گیا تھا۔
شہزاد سلیم کے وکیل اظہر صدیق نے فاضل عدالت کی جانب سے درخواست خارج ہونے کے بعد دنیا نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ڈی جی نیب کے پیچھے ایک مافیا لگا ہوا تھا۔ انہوں نے کہا اس بے بنیاد کیس کی وجہ سے ڈی جی نیب کی ترقی کا معاملہ بھی زیر التوا تھا۔ اظہر صدیق ایڈووکیٹ نے کہا سپریم کورٹ کی جانب سے درخواست خارج ہونے کے بعد ڈی جی نیب لاہور آج سرخرو ہو گئے ہیں۔