اسلام آباد: (دنیا نیوز) فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ وزیراعظم نے کورونا کے چیلنج سے نمٹنے کے لیے جامع قومی حکمت عملی کا اعلان کیا، یہ پیکج عمران خان کے اپنی قوم اور غریبوں کیلئے احساس کی جھلک ہے۔
معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے اپنے ٹویٹ میں کہا معاشی حقائق اور قوم کو درپیش مسائل کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ ایک انتہائی بہترین پیکج ہے، مزدور طبقے کے لیے 200 ارب اور معاشرے کے انتہائی غریب افراد کے لئے 150 ارب کی رقم رکھی گئی ہے۔ ان کا کہنا تھا چھوٹی بڑی صنعتوں اور زراعت کے لئے 100 ارب سے پیداواری صلاحیت بڑھانے میں مدد ملے گی، یوٹیلیٹی سٹورز کے لیے 50 ارب کی رقم سے عوام کو سستی اور معیاری اشیاء کی فراہمی یقینی ہوگی۔
فردوس عاشق اعوان نے کہا وزیراعظم نے معاشرے کے تمام طبقات کو مدنظر رکھتے ہوئے اقدام اٹھایا ہے۔