اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کے عالمی وبائی چیلنج سے نمٹنے کیلئے ہماری استعداد کار میں مسلسل اضافہ ہو رہا یے۔
یہ بات انہوں نے وزارت خارجہ میں کورونا وبائی چیلنج سے نمٹنے کے حوالے سے اعلیٰ سطح اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں بیرونی ممالک میں وطن واپسی کے منتظر پاکستانیوں کی مرحلہ وار وطن واپسی کو ممکن بنانے کیلئے مختلف پہلوؤں کا بھی جائزہ لیا گیا۔
وفاقی وزیر برائے ہوا بازی غلام سرور خان، وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا، معاون خصوصی برائے اورسیز پاکستانی سید ذوالفقار بخاری، معاون خصوصی برائے نیشنل سکیورٹی ڈاکٹر معید یوسف، سیکرٹری خارجہ سہیل محمود، معاون خصوصی برائے ڈیجیٹل پاکستان تانیہ ادریس، سیکرٹری ہوا بازی ڈویژن حسن ناصر جامی، ایگزیکٹو ڈائریکٹر این آئی ایچ جنرل عامر اکرام، سی ای او شوکت خانم ڈاکٹر فیصل سلطان اور وزارت خارجہ کے سینئر حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔
وزیر خارجہ کا اجلاس سے خطاب میں کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کے زیر صدارت نیشنل کوآرڈینیشن کمیٹی کے اجلاس میں اس اہم مسئلے پر تفصیلی مشاورت ہوئی۔ کورونا وائرس کی بیرونی ممالک سے پاکستان ممکنہ آمد کے خطرے کو روکنے کیلئے نیشنل کوآرڈینیشن کمیٹی کے اجلاس میں بیرون ملک سے آنے والی فلائٹس پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت بہت سے ممالک میں لاک ڈاؤن کی وجہ سے فلائٹس آپریشن معطل ہیں۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ الحمدللہ کورونا عالمی وبائی چیلنج سے نمٹنے کیلئے ہماری استعداد کار میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ اجلاس میں 4 اپریل کو بین الاقوامی فلائیٹس کی ممکنہ بحالی کے بعد کے لائحہ عمل پر مشاورت کی گئی۔ اس اجلاس میں متفقہ طور پر سامنے آنے والی تجاویز کو نیشنل کوآرڈینیشن کمیٹی کے اجلاس میں منظوری کیلئے پیش کیا جائے گا۔