صوبہ سندھ سے اچھی خبر، کورونا وائرس سے متاثر 23 زائرین صحتیاب

Last Updated On 30 March,2020 09:50 pm

کراچی: (دنیا نیوز) کورونا وائرس سے متاثرہ ان زائرین کو سکھر کے قرنطینہ سینٹر میں رکھا گیا تھا۔ مرتضیٰ وہاب نے بتایا ہے کہ ان 23 زائرین کی ٹیسٹ رپورٹ منفی آئی جس کے بعد انھیں صحتیاب قرار دیدیا گیا ہے۔

تفصیل کے مطابق صوبہ سندھ سے ایک اچھی خبر سامنے آئی ہے کہ کورونا وائرس سے متاثرہ سکھر میں موجود 23 زائرین صحتیاب ہو چکے ہیں۔ ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ ان زائرین کے پہلے کورونا ٹیسٹ مثبت آئے تھے تاہم آج تمام رپورٹیں منفی آئیں۔

 

ترجمان سندھ حکومت نے اپنے ٹویٹ میں لکھا کہ اس سے سماجی دوری کی اہمیت کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔ گھروں پر رہنے سے خود اور دوسروں کو بھی محفوظ رکھ سکتے ہیں۔

 

 

اس سے قبل اپنے ٹویٹ میں مرتضیٰ وہاب نے لکھا تھا کہ سندھ میں مزید 4 کورونا کے مریض صحت یاب ہو گئے ہیں جس کے بعد صوبے میں صحتیاب افراد کی تعداد 18 ہو گئی ہے۔

 

ادھر سکھر تبلیغی مرکز میں 442 افراد کی سکریننگ کا عمل جاری ہے۔ تبلیغی مرکز میں 374 ملکی اور 68 غیر ملکی افراد موجود ہیں۔ تبلیغی مرکز کو عام لوگوں کے لئے مکمل بند کردیا گیا ہے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مختلف علاقوں میں روانہ کئے گئے قافلوں کو بھی واپس بلا لیا گیا ہے۔ ٹیسٹ رپورٹ آنے تک تمام افراد آئسولیشن میں رہیں گئے۔ حکومتی احکامات پر مرکز کے کچھ حصہ کو آئیسولیشن یونٹ میں تبدیل کر دیا ہے۔