پشاور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ موجودہ صورتحال میں کسی کو ذخیرہ اندوزی کے ذریعے مصنوعی قلت پیدا کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
تفصیل کے مطابق وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے خورونوش اور دیگر اشیائے ضروریہ کو ذخیرہ کرکے مصنوعی مہنگائی اور قلت پیدا کرنے کی کوشش کرنے والے عناصر کو سخت تنبیہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ کسی کو بھی موجودہ صورتحال کا غلط فائدہ اُٹھانے اور ناجائز منافع خوری کے ذریعے عوام کو لوٹنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
محمود خان نے کہا ہے کہ اس سلسلے میں تمام اضلاع کی ضلعی انتظامیہ اور دیگر متعلقہ اداروں کو ایسے عناصر پر کڑی نظر رکھنے کیلئے پوری طرح متحرک کر دیا گیا ہے۔
انہوں نے اعلان کیا کہ اس مشکل وقت میں ناجائز منافع خوری اور ذخیرہ اندوزی میں ملوث عناصر کے ساتھ آ ہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا اور انہیں دوسروں کیلئے نشان عبرت بنایا جائے گا۔
وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے کہا کہ وہ مارکیٹوں کی صورتحال کا بذات خود جائزہ لے رہے ہیں۔ صوبے میں اشیائے خورونوش کی کوئی کمی نہیں لیکن بعض عناصر مصنوعی قلت پیدا کرکے منافع خوری کی کوششیں کر رہے ہیں۔ ایسے عناصر کان کھول کر سن لیں کہ اُنہیں کسی بھی صورت ایسا نہیں کرنے دیا جائے گا۔
دوسری جانب مشیر اطلاعات اجمل وزیر نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا میں آٹے کا کوئی بحران نہیں ہے۔ منافع خوری اور ذخیرہ اندوزی کے خلاف جامع کارروائیاں جاری ہیں۔ پنجاب سے بھی آٹا اضلاع کو فراہم کیا جا رہا ہے۔
اجمل وزیر کا کہنا تھا کہ عوام نے مشکل میں ساتھ دینا ہے۔ ہم صرف اور صرف عوام کے تحفظ کے لیے اقدامات کر رہے ہیں۔ کورونا وبا کو انشاء اللہ شکست دیں گے۔