لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے آج لاہور کا دورہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ان کی وزیراعلیٰ اور گورنر سمیت اہم شخصیات سے ملاقاتیں ہونگی۔
خیال رہے کہ کورونا وائرس آنے کے بعد وزیراعظم کا یہ پہلا دورہ لاہور ہے۔ دورے کے دوران وزیراعظم کی پنجاب کابینہ کے اراکین سے بھی ملاقاتیں متوقع ہیں۔
گورنر پنجاب چودھری محمد سرور وزیراعظم کو غریب خاندانوں کے لئے راشن کی فراہمی کے لئے اقدامات پر بریف کریں گے۔ گورنر پنجاب نے اب تک مخیر حضرات کے تعاون سے ایک لاکھ غریب خاندانوں کے لئے راشن کا انتظام کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق گورنر ہاؤس میں ہونے والی تقریب میں وزیراعلیٰ عثمان بزدار، مخیر اور بااثر شخصیات بھی شریک ہوں گی۔ وزیراعظم کے ریلیف فنڈ کے لئے مخیر حضرات عطیات کا بھی اعلان کریں گے۔