وزیراعظم کی زیرصدارت قومی رابطہ کمیٹی کا اجلاس، کورونا سے متعلق صورتحال پر غور

Last Updated On 08 April,2020 01:43 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت قومی رابطہ کمیٹی کا اجلاس جاری ہے جس میں صوبائی وزرائے اعلی، عسکری اور سول اداروں کے اعلی حکام شریک ہیں، وزیر منصوبہ بندی اسد عمر، چئیرمین این ڈی ایم اے، ظفر مرزا اور فردوس عاشق اعوان بھی اجلاس میں موجود ہیں۔

بتایا گیا ہے کہ قومی رابطہ کمیٹی اجلاس میں کورونا سے متعلق ملک کی مجموعی صورتحال اور حکومتی اقدامات کے اثرات کا جائزہ لیا گیا، نیشنل کمانڈ کو آپریشن اینڈ کنٹرول سینٹر کی تجاویز پر بریفنگ کے علاوہ کورونا کے اعدادوشمار سے بھی آگاہ کیا گیا۔

اجلاس کے دوران وائرس سے متعلق مستقبل کے لائحہ عمل پر بات چیت ہوئی، ڈیجیٹل ٹریکنگ اور مختلف علاقوں میں محدود آئسولیشن کے علاوہ کورونا ٹیسٹ کی صلاحیت 6 سے 20 ہزار روزانہ بڑھانے پر بھی غور کیا گیا۔ کورونا ٹائیگر فورس کے معاملات بھی اجلاس کے دوران زیر بحث آئے۔