260 یونٹ تک بجلی کے بل معاف، سندھ کورونا ایمرجنسی ریلیف آرڈیننس کا مسودہ تیار

Last Updated On 09 April,2020 03:34 pm

کراچی: (دنیا نیوز) سندھ حکومت نے کورونا وائرس ایمرجنسی ریلیف آرڈیننس کا مسودہ تیار کرلیا جس کے مطابق 260 یونٹ تک بجلی کے بل معاف جبکہ 261 سے 350 یونٹ تک 25 فیصد ادائیگی ہوگی، 351 یونٹ سے 450 یونٹ تک 50 فیصد ادائیگی کرنا ہوگی۔

مسودے کے مطابق کورونا وائرس سے متاثرہ طبقات کو معاشی کاروباری ریلیف دیا جائے گا۔ گھر، دکان کا 50 ہزار روپے سے کم کرایہ ادا نہیں کیا جائے گا، ایک لاکھ روپے تک کرایہ ہونے کی صورت میں 50 فیصد ادا کیا جائے گا، ایک لاکھ سے زائد کرایہ ہونے کی صورت میں کرائے دار کو مکمل ادائیگی کرنا ہوگی، مالک مکان کے بیوہ، سینیئر سٹیزن یا معذور ہونے کی صورت میں کرایہ پورا ادا کرنا ہوگا۔

کورونا وائرس ایمرجنسی ریلیف آرڈیننس کے مطابق تمام نجی سکولز پر 20 فیصد فیس کٹوتی لازم قرار، سکولوں کو رعایت دینی ہوگی، نجی سکولز انتظامیہ کم کی گئی 20 فیصد فیس کسی اور مد میں وصول نہیں کرسکیں گے۔ سندھ کی حدود میں کام کرنیوالے تمام یوٹیلٹی سروسز کے اداروں پر آرڈیننس کا اطلاق ہوگا۔

محکمہ قانون سندھ آرڈیننس کا مسودہ گورنر کو منظوری کے لیے ارسال کرے گا، آئین پاکستان کے آرٹیکل 128 کے تحت آرڈیننس کا مسودہ تیار کیا گیا، سندھ کورونا وائرس ایمرجنسی ریلیف آرڈیننس یکم اپریل سے سندھ میں نافذ ہوگا۔
 

Advertisement