اسلام آباد: (دنیا نیوز) فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ غریب، نادار اور پسماندہ علاقوں کے عوام کو ریلیف پہنچانا وزیراعظم عمران خان کا عزم ہے، حکومت مشکل حالات میں قوم کو تنہا نہیں چھوڑے گی۔
معاون خصوصی اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ وزیراعظم کا بلوچستان کا دورہ پسماندہ اور دور افتادہ علاقوں میں کرونا کے خلاف جاری قومی کاوشوں کو تقویت دینا ہے، متحد ہو کر چیلنج پر قابو پائیں گے اور سرخرو ہوں گے، وزیراعظم نے بلوچستان کے عوام کیلئے اشیائے خوردونوش کی بلاتعطل فراہمی اور صوبے بھر میں مستحقین کیلئے راشن کی بروقت ترسیل ممکن بنانے کیلئے ٹھوس اقدامات کی ہدایت کی ہے۔
فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا معاشی سرگرمیوں کو جاری رکھنے اور روزگار کے مواقع کو پیدا کرنے کیلئے مربوط حکمت عملی مرتب کرنے پر زور عمران خان کی بلوچستان کے عوام کے ساتھ وابستگی اور احساس کی علامت ہے، احساس ایمرجنسی پروگرام کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے، ادائیگیوں کو یقینی بنانے کے لیے ملک بھر میں 17 ہزار مراکز ز قائم کیے جا چکے ہیں، 144 ارب میں اب تک 49.2 ارب روپے بینکوں کو مستحقین کے لئے ریلیز ہوچکے ہیں، کورونا وباء کے باعث جو خاندان معاشی طور پر بری طرح متاثر ہوئے حکومت ان کے ساتھ کھڑی ہے۔