اسلام آباد: (دنیا نیوز) فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ بلا جواز تنقید کرنے والوں کی لاعلمی پر افسوس ہی کیا جا سکتا ہے، وزہراعظم عمران خان نے مستحق افراد، مزدورں اور محنت کشوں کیلئے ملکی تاریخ کا سب سے بڑا پیکج دیا۔
وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا پنجاب نے اگلے محاذ پر ڈٹے ڈاکٹروں نرسوں اور طبی عملے کو ایک ماہ کی اضافی تنخواہ دینے کا اعلان کیا ہے، کرونا کے خلاف لائن آف ڈیوٹی پر مامور کسی سرکاری ملازم یا ڈاکٹر کی قیمتی جان کا خدانخواستہ ضیاع ہوتا ہے تو پنجاب حکومت نے انہیں شہداء پیکج دینے کا اعلان کیا ہے، گریڈ 1 سے 16 تک کے خاندانوں میں 40 لاکھ جبکہ گریڈ 17 سے اوپر 80 لاکھ کی امداد شامل ہے۔
فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا وزیراعظم عمران خان نے 1 کروڑ 20 لاکھ غریب عوام کو 12000 روپے فی کس امداد دی، 144 ارب غریبوں میں تقسیم کیا جا رہا، 9 اپریل سے لیکر اب تک ملک بھر کے تقریباً 41 لاکھ 40 ہزار خاندانوں میں 49 ارب 68 کروڑ 5 لاکھ روپے تقسیم کیے جاچکے ہیں، تنقید کرنے والے پہلے حقائق جانیں اور پھر بولیں، سیاست کے بجائے تمام صوبوں میں کورونا وائرس کنٹرول کرنا اصل مشن ہے، عمران خان کورونا اور بھوک دونوں کے خلاف جنگ لڑ رہے ہیں، اس جنگ میں سب ان کا ساتھ دیں کیونکہ یہ وقت سیاست کا نہیں۔