کورونا کیخلاف جنگ میں علما و مشائخ کا کردار نہایت اہم ہے:‌ فردوس عاشق

Last Updated On 19 April,2020 01:21 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ صدر مملکت کا علماء سے مشاورت کے بعد متفقہ اعلامیہ نہایت خوش آئند ہے۔ رمضان المبارک میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے صدر مملکت کا قائدانہ کردار قابل تحسین ہے۔ کورونا کیخلاف جنگ میں علما و مشائخ کا کردار بھی نہایت اہم ہے۔

ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ اس وباء کا احتیاط ہی سب سے موثر علاج ہے۔ کورونا کے خلاف جنگ اور قومی کاوشوں کو تقویت دینے میں علمائے کرام کا کردار نہایت اہم اور کلیدی ہے۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ مساجد کے منبر و محراب سے آنے والی آواز کا عوام خصوصی احترام کرتے اور نہایت توجہ سے سنتے ہیں، علمائے کرام شرعی احکامات کی پاسداری اور فرائض بجا لاتے ہوئے عوام کو احتیاطی تدابیرکے ضمن میں بھی رہنمائی فرمائیں۔ وائرس سے بچاؤ کیلئے احتیاطی تدابیر، حفاظتی ضابطہ کی پابندی اور نظم و ضبط کی تلقین اشد ضروری ہے رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں گھروں میں رہ کر عبادات فرمائیں۔

ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ ماہ صیام کی رحمتوں سے ہر گھر منور ہوگا، رہنما اصولوں پر عمل کرتے ہوئے ہر مسلمان گھر میں رہتے ہوئے اللہ تعالیٰ کی برکات و عنایات سمیٹے گا۔