لاہور: (اخلاق باجوہ سے) مسلم لیگ ن نے پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز شریف کی رہائی کے لیے مہم چلانے کا فیصلہ کر لیا۔
ذرائع کے مطابق پاکستان مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما و پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں حمزہ شہباز پچھلے 10 ماہ سے نیب کی حراست میں ہیں، نیب ان کے خلاف عدالت میں ریفرنس دائر اور نہ ہی انہیں رہا کر رہا ہے، پارٹی رہنماؤں کا کہنا ہے کہ حمزہ شہباز کے خلاف نیب کی جانب سے لگائے گئے الزامات من گھڑت اور بے بنیاد ہیں اور ابھی تک نیب کوئی بھی الزام، ثابت نہیں کرسکا۔
پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ دیگر لیگی رہنماؤں کی طرح حمزہ شہباز کی گرفتاری بھی سیاسی انتقام اور نیب نیازی گٹھ جوڑ کا نتیجہ ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ رمضان المبارک کے دوران ہی پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز کی رہائی کے لئے مہم کا آغاز کر دیا جائے گا، ارکان اسمبلی اور کارکنوں کو اس حوالے سے ہدایات دے دی گئی ہیں جس کے مطابق عوامی سطح، میڈیا اور پنجاب اسمبلی میں اس معاملے کو بھرپور طریقے سے اٹھایا جائے گا۔
ن لیگ کے رہنما ملک ندیم کامران نے کہا کہ حمزہ شہباز کی گرفتاری سیاسی انتقام اور نیب نیازی گٹھ جوڑ کا نتیجہ ہے، اس بات میں کوئی شک نہیں کہ موجودہ حکمران کے پاس سیاسی انتقام کے علاوہ دوسرا کوئی ایجنڈا نہیں ہے، اب تک لیگی قیادت اور حمزہ شہباز پر جتنے بھی الزامات لگائے گئے کچھ ثابت نہیں ہو سکا۔
حمزہ شہباز کی رہائی کے لئے مہم چلانے کے بارے میں پارٹی سطح پر مشاورت کا عمل جاری ہے، امید ہے کہ جلد حتمی لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔