لاہور: (دنیا نیوز) اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز شریف نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) مانگے تانگے کی پارٹی نہیں، الیکشن ہوئے تو طرح طرح کی بولیاں بولنے والوں کو پتا چل جائے گا۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حمزہ شہاز کا کہنا تھا کہ سینیٹ الیکشن میں پی ٹی آئی ممبران نے خیانت کی تو عمران نے بڑی باتیں کی تھیں۔ آج ان کی ناک کے نیچے سب کچھ ہو رہا ہے۔ عثمان بزدار پنجاب کی طرف توجہ دینے کے بجائے ایم پی ایز سے ملاقات کر رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: آئندہ الیکشن پی ٹی آئی کے پلیٹ فارم سے لڑیں گے: ناراض لیگی ارکان
حمزہ شہباز نے وزیراعلیٰ سے ملاقات کرنے والے اراکین پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن ہوئے تو مخالفین کو تارے نظر آ جائیں گے۔ لیگی ایم پی ایز کو شوکاز نوٹس کا فیصلہ پارٹی کرے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ معیشت کا ستایا ناس ہو چکا ہے۔ پنجاب میں ہر جگہ کوڑا کرکٹ نظر آتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ن لیگی اراکین کی وزیراعلیٰ پنجاب سے ملاقات، حمزہ شہباز نے نوٹس لے لیا
خیال رہے کہ گزشتہ روز حمزہ شہباز شریف نے ن لیگی اراکین کی وزیراعلیٰ پنجاب سے ملاقات کا نوٹس لیتے ہوئے کہا تھا کہ یہ معاملہ علم میں آیا، پارٹی میں اس پر مشاورت ہوگی، جو بھی فیصلہ ہوگا اس کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔
لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ اراکین کی وفاداریاں تبدیل کرنے کی کوششیں پہلے بھی ناکام ہوئیں۔ آج الیکشن ہو جائے تو دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو جائے گا۔ لوگ بھوک سے مر رہے ہیں اور حکمران وفاداریاں تبدیل کرانے میں مصروف ہیں۔