مشکل وقت میں ناجائز منافع خوری کرنیوالوں سے کوئی رعایت نہیں ہوگی: اسلم اقبال

Last Updated On 23 April,2020 03:14 pm

لاہور: (دنیا نیوز) میاں اسلم اقبال نے کہا ہے ذخیرہ اندوزی کے خلاف آرڈیننس پنجاب میں لاگو ہوگیا، ذخیرہ اندوزوں کے خلاف وسیع پیمانے پر کارروائیاں جاری ہیں، مشکل وقت میں ناجائز منافع خوری کرنیوالوں سے کوئی رعایت نہیں ہوگی۔

وزیر صنعت پنجاب میاں اسلم اقبال نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کورونا کے باعث عالمی سطح پر بحرانی کیفیت ہے، مقررہ قیمتوں پر اشیا کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے پر عزم ہیں، ذخیرہ اندوزی سے متعلق آرڈیننس پہلے سے بھی موجود ہے، حکومت نے ہنگامی بنیادوں پر محکمہ صحت کو فنڈز جاری کیے، 14 بلین سے زائد رقم انسداد کورونا کیلئے مختص کر دی، 718 ٹن آٹا اور 16 ہزار 31 ٹن چینی ضبط کی گئی۔

میاں اسلم اقبال کا کہنا تھا پرائس کنٹرول پر مکمل عملدرآمد کرانے کیلئے حکومت اقدامات کر رہی ہے، تمام اضلاع کے ڈی سی ذخیرہ اندوزوں کیخلاف چھاپے مار سکیں گے، غلط بیانی کرنیوالے ڈیلرز پر 10 لاکھ جرمانہ عائد کیا جائے گا، آرڈیننس سے ذخیرہ اندوزی کرنیوالے کو 3 سال تک کی سزا ہوسکے گی، بچوں کا دودھ، خوردنی تیل، جوسز، فروٹ ذخیرہ کرنے پر پابندی ہوگی۔

صوبائی وزیر نے مزید کہا سبزیاں، مصالحہ جات، کوئلہ، کیمیکل، گوشت ذخیرہ کرنے پر پابندی ہوگی، سرجیکل گلووز، فیس ماسک، این 95 ماسک، سینی ٹائزر ذخیرہ کرنے پر پابندی ہوگی، کسی صورت عوام کا استحصال نہیں ہونے دیں گے۔