لاہور: (دنیا نیوز) جزوی لاک ڈاون کے دوران شہروں میں ٹریفک کا بہاؤ بڑھنے کے بارے میں رپورٹ وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار کو پیش کر دی گئی، دوسرے لاک ڈاون کے دوران سڑکوں پر ٹریفک کا بہاؤ 25 سے 49 فیصد تک جاپہنچا۔
وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار کو اعلی سطح کے اجلاس میں پیش کی جانے والی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 22 مارچ سے ہونے والے پہلے لاک ڈاون میں شہروں میں ٹریفک 25 فیصد رہی، پہلے لاک ڈاون میں عوامی رسپانس اور عملدرآمد کا رزلٹ بہتر ہوا، پہلے لاک ڈاون میں عوام کی جانب سے سماجی فاصلے رکھنے کی پالیسی پر زیادہ عمل ہوا۔
رپورٹ کے مطابق دوسرے جزوی لاک ڈاؤن میں ٹریفک کا بہاؤ 49 فیصد سے زائد جا پہنچا ہے، دوسرے جزوی لاک ڈاون کی خلاف ورزی کی شکایات بھی سامنے آئیں۔ وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار نے انتظامی آفیسرز کو ہدایت کی ہے کہ لاک ڈاون کے فیصلوں پر روح کے مطابق عمل کرایا جائے، جزوی لاک ڈاون کرونا کے سدباب کے لئے کیا گیا ہے، لاک ڈاون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کرونا آرڈیننس کے تحت کارروائی کی جائے۔