لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ سے پنجاب یونیورسٹی کے وائس چانسلر نے ملاقات کی، ڈاکٹر نیاز نے سردار عثمان بزدار کو یونیورسٹی کے اساتذہ اور عملے کی جانب سے کورونا فنڈ میں 30 لاکھ کا چیک دیا۔
وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے پنجاب یونیورسٹی کے اساتذہ اور عملے کے جذبہ ایثار کی تعریف اور کہا پاکستانی قوم مشکل حالات میں ہر چیلنج پر پورا اتری ہے، آزمائش کے وقت ضرورت مند افراد کی مدد کرنے والوں کو دنیا اور آخرت دونوں جگہ اجر ملے گا، محروم معیشت طبقات کے لئے مدد کرنے کا جذبہ قابل تعریف ہے، چیف منسٹر فنڈ برائے کورونا کنٹرول میں مخیر حضرات، کاروباری شخصیات اور دیگر افراد دل کھول کر عطیات دے رہے ہیں۔
سردار عثمان بزدار کا کہنا تھا فنڈ کی پائی پائی حق دارو ں تک پہنچائیں گے، سب کو مل کر دکھی انسانیت کے دکھ بانٹنے ہیں، کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لئے شہریوں کا گھروں میں رہنا ضروری ہے، شہریوں سے اپیل ہے کہ وہ بلا ضرورت گھروں سے باہر نہ نکلیں، سماجی فاصلے برقرار رکھنے سے ہر ایک کی حفاظت یقینی بنائی جا سکتی ہے، آنے والے وقت میں شہریوں کو مزید احتیاط کرنے کی ضرورت ہے۔