وآماسینا: (روزنامہ دنیا) مشرقی افریقہ کے ملک مڈغاسکر نے دعویٰ کیا ہے کہ مقامی طور پر پیدا ہونیوالی جڑی بوٹی سے بنی چائے کورونا وائرس کا علاج ثابت ہوسکتی ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق ٹجڑی بوٹی کا اب تک کوئی بین الاقوامی ٹیسٹ نہیں کیا گیا۔ مڈغاسکر کے صدر ایندرے رجولین نے انسٹی ٹیوٹ آف اپلائیڈ ریسرچ میں پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ اس چائے سے اب تک کورونا وائرس کے 2 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں، یہ چائے 7 روز کے اندر اپنا اثر دکھاتی ہے۔
صدر نے سب کے سامنے جڑی بوٹیوں سے بنی ہوئی یہ چائے پی کر بھی دکھائی جس سے اس بات کی بھی تصدیق ہوئی کہ یہ چائے مضر اثرات سے پاک ہے۔
اس چائے کو آرٹمیسیا نامی پودے کے اجزا سے حاصل کیا گیا ہے جو ملیریا کے علاج میں استعمال ہوتا ہے، مزید دیگر جڑی بوٹیاں بھی اس چائے میں شامل کی گئی ہیں۔
عالمی ادارہ صحت کے مطابق کورونا کی ابتدا سے مڈغاسکر میں 21 کیس رپورٹ ہوئے ہیں جن کے علاج کیلئے ضروری اقدامات اٹھائے گئے ہیں۔