راجن پور: (دنیا نیوز) ڈاکٹر یاسمین راشد نے راجن پور قرنطینہ سنٹر کا دورہ کیا، ڈی سی اور سی ای او ہیلتھ راجن پور نے یاسمین راشد کو قرنطینہ سنٹر میں مریضوں کیلئے طبی سہولیات کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔
اس موقع پر وزیر صحت پنجاب یاسمین راشد کا کہنا تھا پنجاب کے مختلف ہسپتالوں سے کورونا وائرس کے کنفرم مریض روزانہ کی بنیاد پر صحتیاب ہو رہے ہیں، قرنطینہ سنٹر راجن پور میں کورونا وائرس کے 85 مشتبہ مریض داخل تھے، کورونا وائرس کے 85 مشتبہ مریضوں میں سے 60 مریض صحتیاب ہو کر اپنے گھروں کو واپس جا چکے ہیں، صحتیاب ہونے والے مریضوں میں کورونا وائرس کے کنفرم مریض بھی شامل تھے۔
ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ کورونا وائرس کی وباء پر قابو پانے کی پوری کوشش کی جا رہی ہے، پنجاب کے مختلف ہسپتالوں سے کورونا وائرس کے کنفرم مریض روزانہ کی بنیاد پر صحتیاب ہو رہے ہیں، عوام کو کورونا وائرس سے بچاؤ کیلئے بار بار حفاظتی تدابیر پر سختی سے عملدرآمد کرنے کی اپیل کی جا رہی ہے، صوبہ بھر میں روزانہ کی بنیاد پر کورونا وائرس کے دس ہزار سے زائد تشخیصی ٹیسٹ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، کورونا وائرس کے مریضوں کا علاج کرنے والے ڈاکٹرز، نرسز اور پیرا میڈیکل سٹاف کا مورال بلند ہے۔