کورونا سے متعلق جعلی اکاؤنٹس کا استعمال، برطانوی حکومت کیخلاف کوئی ثبوت نہیں ملے: ٹویٹر

Last Updated On 21 April,2020 10:45 pm

لندن: (ویب ڈیسک) سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر کا کہنا ہے کہ تاحال ایسے کوئی ثبوت نہیں ملے جن سے ظاہر ہو کہ برطانیہ کی حکومت نے جعلی اکاؤنٹس کا استعمال کرتے ہوئے کورونا وائرس سے متعلق بحث کا رخ موڑنے کی کوشش کی ہو۔

برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق سوشل میڈیا پر ایسے دعوے گردش کرنے لگے تھے جن کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر خود کو این ایچ ایس کا عملہ ظاہر کرنے والے اکاؤنٹس کے پیچھے محکمہ صحت اور سوشل کئیر نیٹ ورک کا ہاتھ تھا۔

یہ اکاؤنٹس جو مبینہ طور پر حکومت کی حمایت میں پوسٹس کیا کرتے تھے، ایسا لگتا ہے کہ اب انھیں ہٹا دیا گیا ہے۔

محکمہ صحت نے ٹویٹ کیا کہ یہ دعوے ’واضح طور پر جھوٹے‘ ہیں۔

ویب سائٹ ٹویٹر کا مزید کہنا تھا کہ گفتگو کا رُخ موڑنے یا غیر فطری طور پر اثر انداز ہونے کی چھوٹی سے چھوٹی کوششیں کرنے والوں کو بھی پلیٹ فارم سے ہٹا دیا جائے گا۔

برطانویخ بر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ فی الحال ایسے کوئی ثبوت نہیں ہیں جو یہ ثابت کر سکیں کہ ان مبینہ جعلی اکاؤنٹس کا برطانوی حکومت سے کوئی تعلق تھا۔