برطانوی برینٹ آئل بھی 18 برس کی کم ترین سطح پر پہنچ گیا

Last Updated On 21 April,2020 07:21 pm

لندن: (دنیانیوز) امریکی خام تیل کے بعد برطانوی برینٹ آئل بھی 18 برس کی کم ترین سطح پر پہنچ گیا۔

تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز امریکی خام تیل کی قیمت دھڑام سے نیچے آ گری تھی جس کے بعد امریکی خام تیل کی قیمت 1983ء کے بعد نچلی ترین سطح پر دیکھی گئی تھی اور اس کی قیمت منفی زون میں داخل ہو گئی تھی۔ اس دوران متعدد کمپنیاں پیسے دینے کے لیے تیار تھی تاہم کوئی بھی تیل خریدنا نہیں چاہ رہا تھا۔

خبر رساں ادارے کے مطابق آج ایشیائی مارکیٹ کھلنے کے بعد کچھ ریکوری ہوئی اور قیمت مثبت زون میں داخل ہو گئی۔‌ امریکی خام تیل کی قیمت اب فی بیرل بڑھ کر ایک ڈالر 55 سینٹ تک پہنچ گئی ہے۔

برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی خام تیل کے بعد برطانوی برینٹ آئل بھی 18 برس کی کم ترین سطح پر پہنچ گیا ہے، عالمی مندی میں برینٹ آئل کی قیمت 18.1 ڈالر فی بیرل پر آگئی ہے۔ لندن: مارکیٹ میں برینٹ آئل کی قمیت میں اتار چڑھاؤ جاری ہے۔

دریں اثناء سعودی عرب نے تیل کی قیمتوں میں استحکام کے لیے مزید اقدامات کا عندیہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ تیل کی قیمتوں پر گہری نظر ہے، ضرورت پڑنے پر کوئی بھی قدم اٹھانے کے لیے تیار ہیں۔
 

Advertisement