وزیر اعظم سے اسد قیصر کی ملاقات، ورچوئل اجلاس منعقد کرنے سے متعلق تبادلہ خیال

Last Updated On 24 April,2020 02:49 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر اعظم عمران خان سے سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے ملاقات کی ہے جس میں قومی اسمبلی کے ورچوئل اجلاس منعقد کرنے سے متعلق پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

سپیکر اسد قیصر نے وزیراعظم عمران خان کو بجٹ سمیت قومی اسمبلی کا اجلاس بلانے سے متعلق مشاورت پر آگاہ کیا، اسد قیصر نے کورونا سے متعلق پارلیمانی کمیٹی کی تجاویز سے بھی آگاہ کیا، خصوصی کمیٹی برائے زرعی اجناس کی سفارشات کی تیاری پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ پارلیمنٹ میں قانون سازی کے حوالے سے مختلف امور پر گفتگو کی گئی۔انہوں نے کہا پارلیمان میں موجود تمام سیاسی جماعتوں سے رائے لے کر فیصلہ کیا جائے گا۔

وزیراعظم نے قومی اسمبلی قائمہ کمیٹیوں کے ویڈیو لنک کے زریعے انعقاد کو بھی سراہا۔ عمران خان کا کہنا تھا موجودہ حالات میں پارلیمان کو موثر اور فعال رکھنا انتہائی ضروری ہے، پارلیمنٹ عوام کی امنگوں کا ادارہ ہے، حکومت کورونا سے نمٹنے کے لیے موثر اقدامات کر رہی ہے، موجودہ صورتحال میں پارلیمنٹ کا مثبت کردار قابل تعریف ہے۔